نیویارک:
امریکا کے شہر نیویارک میں خیبر سوسائٹی آف امریکہ کی نئی کابینہ کی حلف برداری تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں شخصیات، سماجی رہنما اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
تقریب میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد آتوزئی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور نومنتخب عہدیداران کو مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کمیونٹی تنظیموں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی تنظیمیں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد رکھنے اور اپنی ثقافت و روایات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
خیبر سوسائٹی آف امریکہ کے نومنتخب صدر خالد خٹک نے اپنے خطاب میں کہا کہ تنظیم کے مستقبل کے منصوبوں میں نوجوان نسل کو زیادہ سے زیادہ شامل کرنا ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو قیادت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ کمیونٹی کی خدمت، سماجی سرگرمیوں اور فلاحی منصوبوں میں فعال کردار ادا کر سکیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سوسائٹی کمیونٹی کے اتحاد، باہمی تعاون اور ثقافتی ورثے کے فروغ کے لیے اپنی سرگرمیاں مزید وسعت دے گی۔
تقریب کے دوران شرکا نے نئی کابینہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور تنظیم کی آئندہ سرگرمیوں کے حوالے سے اپنے خیالات بھی پیش کیے۔
تقریب کے اختتام پر پشتو زبان کے معروف شاعر اور گلوکار شاکر زیب نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ ان کی موسیقی اور شاعری نے حاضرین کو خوب محظوظ کیا اور تقریب کو ثقافتی رنگ عطا کیا۔
شرکا نے اس موقع پر پشتون ثقافت، زبان اور روایات کے فروغ کے لیے خیبر سوسائٹی آف امریکہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئی قیادت کمیونٹی کے لیے مزید مؤثر کردار ادا کرے گی۔